بنگلورو،3؍جنوری(ایس او نیوز) بروہت بنگلور مہانگر پالیکے(بی بی ایم پی) میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کارپوریٹر منی سوامی کے ایک خاتون پر حملہ کئے جانے کے واقعہ کے بعد کاڈگوڈی پولیس کی جانب سے کاڈگوڈی وارڈ کے بی جے پی کارپوریٹر منی سوامی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پر بی جے پی نے پولیس تھانہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ کاڈگوڈی وارڈ کے سدھارتھ نگر میں غیرقانونی طریقہ سے شیڈس اور دکانیں تعمیر کرنے کے لئے چند افراد جدوجہد کررہے تھے۔ اس سلسلہ میں مقامی کارپوریٹر منی سوامی کو شکایات بھی موصول ہونے لگے تھے جس کے بعد کارپوریٹر نے مذکورہ علاقہ میں غیرقانونی طریقہ سے جاوری تعمیری کاموں کے مقام پر پہنچے۔ اس دوران یہاں موجود ایک خاتون نے کارپوریٹر کے ساتھ لفظی جھڑپ کرنے لگی تھی جس کے بعد اس عورت نے کاڈگوڈی پولیس تھانہ پہنچ کر شکایت درج کرواتے ہوئے کارپوریٹر پر الزام لگایا کہ منی سوامی نے اس کے ساتھ بدکلامی کرنے کے علاوہ اس پر حملہ کیا ہے۔ عورت کی شکایت کے بعد پولیس نے کارپوریٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ پولیس کے اس اقدام کے خلاف آج مقامی بی جے پی لیڈران اور کارکنان نے پولیس تھانہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ اس دھرنے میں خود کارپوریٹر منی سوامی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے منی سوامی نے کہاکہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت پولیس کے علاوہ مقامی افراد بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایاکہ وہ خاتون کو سرکاری زمین پر غیرقانونی قبضہ نہ کرنے کی نصیحت کی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے عورت کے ساتھ کوئی بدکلامی یا ہاتھ نہیں اٹھایا۔ اس کے باوجود جان بوجھ کر اس معاملہ میں انہیں بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ان کے خلاف پولیس تھانہ میں شکایت درج کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی بڑھتی شہرت کو برداشت نہ کرتے ہوئے چند مقامی کانگریس لیڈر عورت کی حمایت میں کھڑے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کے خلاف دائر جھوٹے مقدمہ کو واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا۔ منی سوامی نے کہاکہ اس علاقہ میں بنگلہ دیشی افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے یہاں چوری، منشیات کا استعمال کافی زیادہ ہونے لگاہے۔ اس سلسلہ میں آڈگوڈی پولیس میں شکایت کی گئی ہے اس کے باوجود پولیس خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ احتجاجی دھرنے میں بی جے پی کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔